جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پیٹرولیم لیوی اور ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف جاری احتجاج کے اگلے مرحلے میں 12 ربیع الاول کے بعد ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومتی پالیسیوں اور پیٹرول بم گرائے جانے کے خلاف ان کی جماعت کا احتجاج بہترین انداز میں آگے بڑھ رہا ہے، اور اب مذاکرات اس وقت تک ممکن نہیں جب تک حکومت عملی طور پر عوام کے تمام مطالبات تسلیم نہیں کرتی۔ حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ آٹا اور چینی مافیا کی موجودگی میں ملک ترقی نہیں کر سکتا، کسانوں کو سستی کھاد فراہم نہیں کی جا رہی جبکہ عوام کے ٹیکسوں سے حکمران مراعات حاصل کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے پیٹرولیم لیوی کے خلاف ملک بھر کے گورنر ہاؤسز کے باہر دھرنے دیے جا رہے ہیں جو اب اپنے آٹھویں روز میں داخل ہو چکے ہیں۔ اس سے قبل خواتین نے بھی حکومتی معاشی پالیسیوں کے خلاف بھرپور احتجاج کرتے ہوئے عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا، جبکہ مافیاز کی جانب سے مبینہ طور پر حکومت کی سرپرستی میں بھاری مقدار میں چینی کی درآمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔



