ستمبر 10, 2026

جنیوا: پاکستان نے اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے تخفیفِ اسلحہ کی صدارت سنبھالی، سفیر طاہر حسین اندرابی صدارت کریں گے

جنیوا میں پاکستان نے باضابطہ طور پر اقوام متحدہ کی تخفیفِ اسلحہ کانفرنس کی صدارت سنبھال لی ہے۔ پاکستان کی جانب سے ایڈیشنل سیکرٹری (آرمز کنٹرول اینڈ ڈس آرمامنٹ) اور وزارتِ خارجہ کے ترجمان، سفیر طاہر حسین اندرابی اس اہم کانفرنس کی صدارت کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ اس عالمی فورم میں تخفیفِ اسلحہ اور اسلحہ کنٹرول کے اہم معاہدوں پر تفصیلی مذاکرات ہوتے ہیں، اور دنیا کے 65 ممالک اس فورم کے باقاعدہ رکن ہیں جن میں جوہری ہتھیار رکھنے والی بڑی ریاستیں بھی شامل ہیں۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق، اس اہم کانفرنس کی صدارت کا پاکستان کو ملنا دراصل عالمی برادری کا پاکستان کی مؤثر سفارتی قیادت اور کردار پر پختہ اعتماد کا واضح مظہر ہے۔ دفترِ خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ اس ذمہ داری کے ملنے سے پاکستان کو اسلحہ کنٹرول، تخفیفِ اسلحہ، عالمی امن اور بین الاقوامی سلامتی سے متعلق تمام عالمی مباحثوں میں ایک مرکزی اور کلیدی کردار حاصل ہوگا۔