ستمبر 11, 2026

راولاکوٹ انتخاب 20 یا 21 اگست تک ممکن، چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر غلام مصطفیٰ مغل کا بیان

مظفر آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ اگر تین چار دنوں تک دھرنے کا حل نکل آتا ہے تو 20 یا 21 اگست تک راولاکوٹ میں انتخاب ممکن ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر باغ اور حویلی میں پہلے پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جہاں کے لیے سکیورٹی پہنچ چکی ہے اور پولنگ میٹریل کی ترسیل فوج کی نگرانی میں جاری ہے، جبکہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن پر 8 اہلکار تعینات ہوں گے۔

چیف الیکشن کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ 9 اور 10 اگست کو باغ و حویلی میں انٹرنیٹ بحال کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور اگلے 7 دنوں میں راولاکوٹ میں پولنگ کی تاریخ کا حتمی اعلان کر دیا جائے گا۔ انہوں نے سیاسی رہنماؤں کے الزامات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیان بازی میں حصہ نہیں لے سکتے، الیکشن مکمل ہونے پر تمام حقائق سامنے لائے جائیں گے۔