اگست 7, 2026

گوجرانوالہ و گجرات میں اینٹی کرپشن کا بڑا کریک ڈاؤن، محکمہ جنگلات، پٹواری اور نکاح خواں سمیت 6 افراد رشوت لیتے گرفتار

کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ کی سخت ہدایات اور ڈویژنل ڈائریکٹر گوجرانوالہ امجد شہزاد کی زیر نگرانی کرپشن مافیا کے خلاف بڑی مشترکہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے، جس کے دوران اینٹی کرپشن ٹیم نے جوڈیشل مجسٹریٹس کے ہمراہ چھاپے مار کر رشوت خور ملازمین اور بوگس نکاح نامہ بنانے والوں کو دبوچ لیا ہے۔ سرکل آفیسر اینٹی کرپشن گجرات نثار احمد نے کارروائی کرتے ہوئے محکمہ جنگلات کے ملازم محمد الیاس کو 20 ہزار، میونسپل کمیٹی کھاریاں کے کلرک نعیم افضل اور نائب قاصد کو 30 ہزار جبکہ پٹواری حسیب مدنی کو 50 ہزار روپے نشان زدہ رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔

ایک اور کارروائی کے دوران جوڈیشل ایکشن کی باقاعدہ منظوری کے بعد بوگس نکاح نامہ تیار کرنے کے الزام میں نکاح خواں محمد بلال اور نکاح رجسٹرار محمد جاوید کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن رانا شبیر اشرف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ رشوت وصول کرنے والے سرکاری ملازمین فوری طور پر اپنا قبلہ درست کر لیں، ورنہ قانون کا لوہا سخت ہے اور ایسے عناصر کا اگلا ٹھکانہ صرف اور صرف جیل ہوگا۔